پنجاب میں15 دسمبر سے 15 جنوری کے درمیان بلدیاتی انتخابات کروانے پر اتفاق

08-20-2026

(لاہور نیوز) الیکشن کمیشن اور پنجاب حکومت کے درمیان 15 دسمبر 2026 سے 15 جنوری 2027 کے درمیان صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے پر اتفاق ہو گیا۔

چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی صدارت میں پنجاب میں مقامی حکومتوں کے الیکشن کی تاریخ مقرر کرنے کے حوالے سے اجلاس ہوا، جس میں الیکشن کمیشن کو پنجاب میں حلقہ بندیوں کا عمل مکمل ہونے سے متعلق بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا کہنا تھا کہ آئین کے آرٹیکل 140A کے تحت بلدیاتی انتخابات کا انعقاد آئینی تقاضہ ہے، الیکشنز ایکٹ کے تحت مقامی حکومتوں کی مدت ختم ہونے کے 120 دن کے اندر انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔ وزیر لوکل گورنمنٹ پنجاب ذیشان رفیق نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب صوبے میں بلدیاتی انتخابات کروانے کے لیے پرعزم ہیں، انتخابات کے انعقاد اور مناسب وسائل کی فراہمی کے لیے وقت درکار ہے۔ ذیشان رفیق  نے مزید بتایا کہ امتحانات اور دھند کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے 15 دسمبر سے 15 جنوری کی تواریخ تجویز کی گئیں۔ چیف سیکرٹری پنجاب نے کہا کہ صوبائی حکومت مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کروانا چاہتی ہے، الیکشن کمیشن  نے مرحلہ وار انتخابات سے متعلق پنجاب حکومت سے جلد پلان طلب کر لیا۔