پنجاب کو ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بنائیں گے، مریم نواز
08-20-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ صوبے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے فروغ کیلئے انقلابی اقدامات جاری ہیں، پنجاب کو ڈیجیٹل معیشت کا مرکز بنایا جائے گا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ موجودہ دور میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بغیر کچھ بھی ممکن نہیں، پنجاب حکومت کا ہر محکمہ ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکا ہے جبکہ تمام محکمے ڈیجیٹل نظام کے تحت کام کر رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (PITB) کو صوبے کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے تمام محکموں کے درمیان بہترین ہم آہنگی موجود ہے، پنجاب کے نوجوانوں میں بے پناہ صلاحیتیں موجود ہیں، جنہیں ٹیکنالوجی اور جدید ڈیجیٹل نظام کے ذریعے مزید مواقع فراہم کئے جا سکتے ہیں۔ مریم نواز کے مطابق وہ ڈیجیٹل ڈیش بورڈ کے ذریعے تمام محکموں کی نگرانی کرتی ہیں، جبکہ ڈیجیٹل نظام کے نفاذ سے حکومتی امور میں شفافیت اور نگرانی کا عمل بہتر ہوا ہے۔ وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ ڈیجیٹل نظام کی بدولت حکومت کو اربوں روپے کی بچت ممکن ہوئی، انہوں نے گزشتہ سال 30 لاکھ خاندانوں کو رمضان پیکیج فراہم کرنے کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی کے استعمال سے عوامی فلاح کے منصوبوں کی نگرانی اور عملدرآمد زیادہ مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔ مریم نواز نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب میں آئی ٹی کے فروغ کا عمل مزید تیز کیا جائے گا اور صوبے کو جدید ٹیکنالوجی، ڈیجیٹل گورننس اور ڈیجیٹل معیشت کا نمایاں مرکز بنایا جائے گا۔