رواں سال کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی پر 1417 افراد گرفتار

08-20-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس نے کرایہ داری ایکٹ کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے رواں سال اب تک 1417 افراد کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان لاہور پولیس کے مطابق کرایہ داری ایکٹ پر عملدرآمد کیلئے شہر کے مختلف علاقوں میں کارروائیاں جاری ہیں، مختلف تھانوں میں خلاف ورزیوں پر 1057 مقدمات درج کئے گئے ہیں، کرایہ داروں کی رجسٹریشن جرائم پیشہ عناصر کی شناخت اور جرائم کی روک تھام کیلئے نہایت اہمیت رکھتی ہے۔ سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ  نے مالک مکانوں کو ہدایت کی ہے کہ کرایہ دار کی مکمل معلومات پولیس ٹیننٹ رجسٹریشن سسٹم میں لازماً درج کروائیں، مکان کرائے پر دینے سے قبل کرایہ دار کے کوائف کی مکمل تصدیق کی جائے اور تمام قانونی تقاضے پورے کئے جائیں۔ سی سی پی او لاہور کا کہنا ہے کہ غیر قانونی طور پر یا جرائم پیشہ افراد کو رہائش یا جگہ فراہم کرنے والے افراد کے خلاف حسبِ ضابطہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی، کرایہ داروں کی بروقت رجسٹریشن یقینی بنائیں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی نقل و حرکت پر مؤثر نظر رکھی جا سکے۔