جماعت اسلامی کا دھرنا پانچویں روز میں داخل، مطالبات برقرار
08-20-2026
(لاہور نیوز) چیئرنگ کراس پر جماعت اسلامی کا احتجاجی دھرنا پانچویں روز میں داخل ہو گیا، مطالبات برقرار ہیں اور احتجاج بھی جاری ہے۔
شام کے اوقات میں جماعت اسلامی کے کارکنان اور عہدیداران کی آمد و رفت جاری رہتی ہے، جبکہ رات گئے اور صبح کے اوقات میں پنڈال میں شرکا کی تعداد انتہائی کم ہو جاتی ہے اور بیشتر حصہ خالی نظر آتا ہے۔ جماعت اسلامی کے بنیادی مطالبات میں پٹرولیم لیوی کا خاتمہ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی، آئی پی پیز کے معاہدوں پر نظرثانی اور بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ شامل ہیں۔ دھرنے کے باعث مال روڈ پر ٹریفک کا دباؤ بھی برقرار ہے، ریگل چوک سے چیئرنگ کراس تک دونوں اطراف کی مرکزی شاہراہ ٹریفک کیلئے بند ہونے کے باعث شہری سروس لین اور متبادل راستے استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔ دھرنے کے اطراف کی سڑکوں پر بھی ٹریفک کی صورتحال شہریوں کیلئے اہم مسئلہ بنی ہوئی ہے، جبکہ ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے متبادل راستوں کا استعمال کیا جا رہا ہے۔ گزشتہ چند روز کے دوران جماعت اسلامی کے رہنماؤں کی جانب سے حکومت پر دباؤ بڑھانے کیلئے مختلف بیانات بھی سامنے آئے ہیں، جماعت اسلامی کا مؤقف ہے کہ احتجاج صرف ایک سیاسی جماعت کا معاملہ نہیں بلکہ مہنگائی، بجلی کے بھاری بلوں اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں سے متاثرہ عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے کی کوشش ہے۔