وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس طلب کر لیا

08-19-2026

(لاہور نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کا اہم اجلاس 20 اگست کو صبح ساڑھے 10 بجے وزیراعظم ہاؤس میں طلب کر لیا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کے باعث شہریوں پر اضافی بوجھ کا معاملہ ایجنڈے میں شامل ہے۔ کابینہ میں پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن میں 15.51 فیصد اضافے کی منظوری دیے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق اس حوالے سے اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا 14 اگست کا فیصلہ کابینہ میں پیش کیا جائے گا، پٹرول اور ڈیزل، دونوں پر فی لیٹر ڈیلرز مارجن میں 1.34 روپے اضافے کی منظوری متوقع ہے، جس کے نتیجے میں دونوں مصنوعات پر مجموعی اضافی بوجھ 2.68 روپے فی لیٹر ہو گا۔       ذرائع کا کہنا ہے کہ اضافے کے بعد پٹرول اور ڈیزل پر ڈیلرز مارجن 9 روپے 98 پیسے فی لیٹر ہو جائے گا جبکہ اس وقت دونوں مصنوعات پر الگ الگ 8 روپے 64 پیسے فی لیٹر ڈیلرز مارجن عائد ہے، اجلاس میں ملک کی مجموعی معاشی، سیکیورٹی اور سیاسی صورتحال کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق خطے کی حالیہ صورتحال اور ملک میں امن و امان کی صورتحال بھی زیر غور آنے کا امکان ہے، وفاقی کابینہ کے اجلاس میں مختلف کابینہ کمیٹیوں کے فیصلے بھی توثیق کے لیے پیش کیے جائیں گے، اس سلسلے میں کابینہ ڈویژن  نے اجلاس سے متعلق کابینہ ارکان کو بھی آگاہ کر دیا ہے۔