ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر کمی جلد متوقع ہے: علی پرویز ملک

08-19-2026

(لاہور نیوز) وفاقی وزیر براے پٹرولیم علی پرویز نے کہا ہے کہ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر کمی جلد متوقع ہے۔

وفاقی دارالحکومت میں عطا تارڑ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے علی پرویز ملک کا کہنا تھا  کہ حکومت کو عوامی مسائل کا مکمل ادراک ہے اور مشکل وقت ضرور ختم ہوگا، حکومت عوام کو ریلیف دینے اور مسائل کے حل کے لیے بھرپور کوششیں کر رہی ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے ریلیف دیا گیا ہے، جبکہ حکومت نے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑا۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے بے شمار ممالک کو مشکلات کا سامنا ہے، حتیٰ کہ ڈیزل پیدا کرنے والے ملک روس کو بھی مشکلات درپیش ہیں۔ وفاقی وزیر پٹرولیم کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے حکام کے ساتھ دو تین نشستیں ہوئیں، جس کے بعد آئل ریفائنریز نے ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈیزل کی قیمت میں 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک کمی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ڈیزل کی قیمتوں میں جلد بڑی کمی متوقع ہے اور اوگرا آج ہی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کرے گا۔