سپورٹس بورڈ پنجاب کا سکولوں میں ہاکی سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان
08-19-2026
(لاہور نیوز) سپورٹس بورڈ پنجاب نے قومی کھیل ہاکی کے فروغ اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے صوبے کے تمام سکولوں میں ہاکی کا سامان اور کٹس فراہم کرنے کا اعلان کر دیا۔
اس حوالے سے ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں پنجاب کے تمام ڈویژنل سپورٹس افسران نے آن لائن شرکت کی، اجلاس میں ڈی جی مانیٹرنگ سکولز ایجوکیشن سمیت دیگر افسران بھی شریک ہوئے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی کھیل ہاکی کی ترقی کیلئے پنجاب کے تمام ڈویژنوں میں مرحلہ وار ہاکی کا سامان اور کٹس تقسیم کی جائیں گی۔ ڈائریکٹر ایڈمن سپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے مطابق راولپنڈی ڈویژن میں ہاکی کا سامان 21 اگست کو تقسیم کیا جائے گا، جبکہ دیگر ڈویژنوں میں بھی مرحلہ وار سامان کی فراہمی کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ عابد شوکت نے کہا کہ ہاکی کے نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کیلئے اقدامات کئے جا رہے ہیں، سکولز ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے تعاون سے ہاکی کے سامان کی ترسیل کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکولوں میں کھیلوں کی سہولیات بہتر بنانے سے نوجوانوں کو قومی کھیل ہاکی کی جانب راغب کرنے اور نئے کھلاڑیوں کی صلاحیتیں نکھارنے میں مدد ملے گی۔