نواب ٹاؤن میں 3 سالہ بچی کو کچلنے والا ڈرائیور گرفتار

08-19-2026

(لاہور نیوز) نواب ٹاؤن کے علاقے میں ڈرائیونگ میں غفلت و لاپرواہی کے باعث 3 سالہ بچی جاں بحق ہو گئی، پولیس نے حادثے کے ذمہ دار مبینہ ڈرائیور کو گرفتار کر لیا۔

پولیس ترجمان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت فیضان شوکت کے نام سے ہوئی ہے، حادثہ سٹی سکول کے قریب پیش آیا، جہاں کار سوار کی مبینہ غفلت کے باعث 3 سالہ مشعل گاڑی کی زد میں آ کر شدید زخمی ہو گئی۔ حادثے کے بعد بچی کو ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئی۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق نواب ٹاؤن پولیس  نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے ملزم کی تلاش شروع کی، پولیس  نے ملزم کی گرفتاری کیلئے سیف سٹی اتھارٹیز اور نجی سی سی ٹی وی کیمروں کی مدد حاصل کی، جس کے بعد ملزم کو گرفتار کر لیا گیا، گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کیلئے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران  نے کہا کہ متاثرہ خاندان کو انصاف کی مکمل فراہمی یقینی بنائی جائے گی، ملزم کو قانون کے مطابق سخت سزا دلوا کر متاثرہ خاندان کو انصاف فراہم کریں گے۔