نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ کے شیڈول کا اعلان
08-19-2026
(ویب ڈیسک) ویمنز انڈر19 ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کی تیاریوں کے سلسلے میں نیشنل ویمنز انڈر 19 ٹورنامنٹ 20 اگست سے کراچی میں شروع ہو گا۔
ٹورنامنٹ میں پانچ ٹیمیں کانکررز، چیلنجرز، سٹرائیکرز، سٹارز اور انونسیبلز حصہ لیں گی۔ نیشنل انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ کے میچز کراچی کے دو مختلف گراؤنڈ میں کھیلے جائیں گے، 4 ستمبر تک جاری رہنے والے ایونٹ میں 75 انڈر 19 ویمنز کرکٹرز شریک ہوں گی۔ فضا فیاض، کومل خان، سمعیہ افسر، رویل فرحان اور ضوفشاں ایاز ٹورنامنٹ میں کپتانی کے فرائض سرانجام دیں گی۔ نیشنل انڈر 19 ویمنز ٹورنامنٹ کے پہلے 10 میچز 30 اوورز پر مشتمل ہوں گے جبکہ ٹورنامنٹ کے آخری دس میچز اور فائنل ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ میں کھیلے جائیں گے۔ ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم آٹھ میچز کھیلے گی اور ٹاپ دو کے درمیان فائنل ہو گا، ٹورنامنٹ جیتنے والی ٹیم کو 10 لاکھ جبکہ رنرز اپ کو 7 لاکھ پچاس ہزار انعام ملے گا۔ واضح رہے کہ ٹورنامنٹ پاکستان ویمنز انڈر 19 کی ایشیا کپ اور انڈر 19 ورلڈ کپ کی تیاری میں اہم کردار ادا کرے گا۔