عمران اشرف کی موت کی جعلی اے آئی ویڈیو وائرل، اداکار کی تردید
08-18-2026
(ویب ڈیسک) پاکستانی اداکار اور میزبان عمران اشرف نے اپنی موت سے متعلق سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی جعلی خبر کی تردید کرتے ہوئے مداحوں کو اپنی خیریت سے آگاہ کر دیا۔
سوشل میڈیا پر اے آئی سے تیار کردہ ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہوئی، جس میں عمران اشرف کے انتقال کی خبر نشر کی گئی، جعلی ویڈیو کے باعث اداکار کے مداحوں میں تشویش پھیل گئی، جس کے بعد عمران اشرف نے خود سامنے آ کر وضاحت کر دی۔ عمران اشرف نے انسٹاگرام پر اپنی پوسٹ میں مداحوں سے دعاؤں کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ! میں بالکل ٹھیک ہوں، یہ جعلی خبر ہے، آپ سب کی دعاؤں کی ضرورت ہے۔ وائرل ہونے والی جعلی ویڈیو ایک ٹک ٹاک اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی تھی، جہاں اسی نوعیت کی مزید ویڈیوز بھی موجود ہیں، ان ویڈیوز میں سینئر صحافیوں، کرکٹرز اور اداکاروں کو عمران اشرف کے انتقال پر تعزیت کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیو میں ایک نیوز کاسٹر کو عمران اشرف کے انتقال کی خبر بریک کرتے ہوئے دکھایا گیا، جبکہ یہ دعویٰ بھی کیا گیا کہ اداکار کو دل کا دورہ پڑا تھا جس کے باعث ان کی موت واقع ہوئی۔ واضح رہے کہ عمران اشرف پہلے پاکستانی فنکار نہیں جنہیں مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ جعلی خبروں کا نشانہ بنایا گیا ہو، رواں برس جون میں گلوکارہ طاہرہ سید نے بھی انٹرنیٹ پر اپنے انتقال کی خبر سامنے آنے کے بعد وضاحت کی تھی کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور لوگوں سے غیر مصدقہ خبریں شیئر نہ کرنے کی اپیل کی تھی۔ اسی طرح گزشتہ ماہ اداکار و میزبان توثیق حیدر اور فرح سعدیہ نے بھی اپنی شادی سے متعلق وائرل ہونے والی جعلی ویڈیوز اور خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے انہیں بے بنیاد قرار دیا تھا۔