جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنا تیسرے روز میں داخل

08-18-2026

(لاہور نیوز) جماعت اسلامی کا پٹرولیم لیوی کے خلاف دھرنا تیسرے روز میں داخل ہو گیا، جبکہ دھرنے میں عوام اور کارکنان کی شرکت کو مرحلہ وار رکھنے کی حکمت عملی تیار کر لی گئی ہے۔

پارٹی ذرائع کے مطابق آج شام وسطی اور مشرقی پنجاب کے مختلف اضلاع سے کارکنان کے قافلوں کی دھرنے میں شرکت متوقع ہے، دھرنے میں شرکت کیلئے آنے والے افراد رات گئے اپنے اضلاع کو روانہ ہوں گے، جبکہ اگلے روز دیگر اضلاع سے کارکنان پنڈال پہنچیں گے۔ جماعت اسلامی نے دھرنا 8 روز تک جاری رکھنے کیلئے انتظامات مکمل کر لئے ہیں، شرکا کیلئے 8 روز تک کھانے پینے اور ادویات کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔ پارٹی ذرائع کے مطابق دھرنے میں مرحلہ وار پورے پنجاب سے کارکنان شریک ہوں گے، جبکہ صوبہ پنجاب کے عہدیداران کو بھی دن کے حساب سے ذمہ داریاں سونپ دی گئی ہیں۔ آج جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمٰن دھرنے کے شرکا سے خطاب کریں گے اور پریس کانفرنس بھی کریں گے۔ امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری نے کہا کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے، ہم یہیں موجود رہیں گے، جماعت اسلامی کا مطالبہ ہے کہ پٹرولیم لیوی مکمل طور پر ختم کی جائے اور پٹرول کی قیمت 225 روپے فی لٹر مقرر کی جائے۔