گلشن اقبال پولیس کی کارروائی، کروڑوں کی چوریوں کا ماسٹر مائنڈ جھنگ سے گرفتار

08-17-2026

(لاہور نیوز) گلشن اقبال پولیس نے کروڑوں روپے کی چوریوں میں مطلوب اشتہاری ملزم مہتاب اور اس کے رشتہ دار عبدالرحمان کو جھنگ سے گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم مہتاب کراچی میں 22 کروڑ روپے کی بڑی چوری سمیت متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق گرفتار ملزم مہتاب کے خلاف چوری اور نقب زنی کے 18 مقدمات درج ہیں، ملزم اپریل 2026 میں کراچی کے علاقے صدر میں ہونے والی 22 کروڑ روپے کی بڑی چوری میں بھی مبینہ طور پر ملوث رہا۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان جھنگ، فیصل آباد اور رحیم یار خان میں گھروں میں چوری کی مختلف وارداتوں میں بھی ملوث رہے ہیں، ملزم مہتاب کا جھنگ موٹروے بائی پاس کے قریب ایک گھر میں چوری کی واردات میں ملوث ہونے کا بھی انکشاف ہوا ہے۔ کارروائی کے دوران ملزم عبدالرحمان کے قبضے سے 9 ایم ایم پستول اور گولیاں برآمد ہوئیں، جبکہ اسلام آباد کے تھانہ رمنا میں درج چوری کے مقدمے سے متعلق مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم مہتاب سے چوری شدہ لیپ ٹاپ، اصل دستاویزات اور لیپ ٹاپ بیگ بھی برآمد ہوئے، جبکہ جھنگ میں واردات کے دوران چوری کیا گیا ٹیبلٹ اور موبائل فون بھی قبضے میں  لے لیا گیا۔ ترجمان کے مطابق ملزمان کی نشاندہی پر مختلف وارداتوں سے متعلق اہم شواہد اور مزید مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا ہے، گرفتار ملزمان آپس میں رشتہ دار اور ضلع جھنگ کے رہائشی ہیں جو پاک لائن سٹی، کوٹ عبدالمالک میں رہائش پذیر تھے۔ پولیس  نے دونوں ملزمان کو گرفتار کرکے مزید تفتیش شروع کر دی ہے، حکام کے مطابق ملزمان سے مزید وارداتوں اور ان کے دیگر ساتھیوں سے متعلق معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔