پنجاب فوڈ اتھارٹی کا معروف میٹ اور آئل فیکٹریوں کا معائنہ، بھاری جرمانے

08-17-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر صحت دشمن عناصر کے خلاف پنجاب فوڈ اتھارٹی کا کریک ڈاؤن جاری ہے۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ہدایت پر ایڈیشنل ڈی جی آپریشنز اسد اللہ کی سربراہی میں کارروائی کرتے ہوئے مانگا روڈ اور 45 کلومیٹر ملتان روڈ پر 3 معروف میٹ اور آئل فیکٹریوں کا معائنہ کیا گیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کے مطابق کارروائی کے دوران ناقص انتظامات پر پولٹری پروسیسنگ اور فروزن میٹ فیکٹری کو بند کر دیا گیا، جبکہ 2 میٹ یونٹس کو بھاری جرمانے عائد کئے گئے، مجموعی طور پر 25 لاکھ روپے کے جرمانے کئے گئے۔ کارروائی کے دوران 2 ہزار کلو ناقص اور گلا سڑا گوشت بھی تلف کر دیا گیا، ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد کے مطابق معروف برانڈ کے میٹ پروسیسنگ یونٹ سے ایکسپائر گوشت برآمد ہوا، جسے دوبارہ پیک کرکے سپلائی کیا جانا تھا۔ حکام کے مطابق فیکٹریوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، حشرات کی روک تھام کیلئے نامناسب اقدامات اور ضروری سپلائی و ٹریسیبیلٹی ریکارڈ بھی موجود نہیں تھے، تلف کئے گئے ناقص گوشت کو فریش میٹ کے ساتھ فروخت کیلئے تیار رکھا گیا تھا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد نے کہا کہ معروف برانڈز کے میٹ پروسیسنگ یونٹس میں انتہائی ناقص انتظامات شرمناک عمل ہے، ایکسپائر اشیاء کی ذخیرہ اندوزی اور فروخت سنگین جرم ہے، جبکہ خوراک میں ملاوٹ کا مکمل خاتمہ پنجاب فوڈ اتھارٹی کا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی کیلئے کارروائیاں مسلسل جاری رہیں گی۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے شہریوں سے اپیل کی کہ خوراک کے حوالے سے کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں فوری طور پر 1223 پر اطلاع دیں۔