مون سون کا چھٹا سپیل، 21 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی
08-17-2026
(لاہور نیوز) پی ڈی ایم اے نے مون سون کے چھٹے سپیل کا الرٹ جاری کرتے ہوئے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف اضلاع میں 21 اگست تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کر دی۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق آج سے 21 اگست تک پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب لاہور میں صبح سویرے سورج اپنی کرنیں بکھیرنے لگا اور شہر میں موسم قدرے گرم اور مرطوب رہا، آج شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 28 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور کا موجودہ درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ ہوا کی رفتار 6 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی۔ موسمیاتی اعداد و شمار کے مطابق شہر میں ہوا میں نمی کا تناسب 76 فیصد تک جا پہنچا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت کے ساتھ حبس بھی محسوس کی جا رہی ہے۔ پی ڈی ایم اے نے مون سون بارشوں کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ضروری انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی ہے۔