رواں سال صوبے بھر میں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان گرفتار
08-17-2026
(لاہور نیوز) پنجاب پولیس کا سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق رواں سال صوبے بھر میں ایک لاکھ 9 ہزار سے زائد اشتہاری مجرمان کو گرفتار کیا گیا ہے، گرفتار کئے گئے اشتہاری مجرمان میں اے کیٹگری کے 27 ہزار 820 جبکہ بی کیٹگری کے 81 ہزار 391 ملزمان شامل ہیں۔ پولیس نے صوبہ بھر میں کارروائیوں کے دوران 33 ہزار سے زائد عدالتی مفروران کو بھی گرفتار کیا، ان میں اے کیٹگری کے 5 ہزار 31 جبکہ بی کیٹگری کے 28 ہزار 306 عدالتی مفرور شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق رواں سال 11 ہزار 990 عادی مجرمان کو بھی گرفتار کیا گیا، جن میں اے کیٹگری کے 4 ہزار 213 اور بی کیٹگری کے 7 ہزار 777 عادی مجرمان شامل ہیں۔ صوبائی دارالحکومت لاہور میں پولیس کارروائیوں کے دوران 25 ہزار 118 اشتہاری مجرمان، 10 ہزار 696 عدالتی مفرور اور 4 ہزار 898 عادی مجرمان کو گرفتار کیا گیا۔ آئی جی پنجاب عبدالکریم نے اشتہاری مجرمان، عدالتی مفروروں اور عادی مجرمان کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں کرنے والی پولیس ٹیموں کو شاباش دی ہے، انہوں نے ہدایت کی کہ سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرمان اور عدالتی مفروروں کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں۔