پٹرولیم لیوی کے خلاف جماعت اسلامی کا دھرنا دوسرے روز میں داخل
08-17-2026
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری کی قیادت میں جماعت اسلامی کے کارکنوں نے مسجدِ شہداء سے مارچ کرتے ہوئے مال روڈ چیئرنگ کراس پہنچ کر دھرنا دیا، احتجاجی مارچ کے بعد چیئرنگ کراس پر باقاعدہ دھرنا شروع کیا گیا، جہاں کارکنوں کی جانب سے سٹیج بھی سجا دیا گیا ہے۔
صبح سویرے دھرنے کے پنڈال میں شرکا کی تعداد نہایت کم رہی، جبکہ بعض کارکنوں کی واپسی بھی شروع ہو گئی، دوسری جانب احتجاج کے باعث مال روڈ چیئرنگ کراس کو دونوں اطراف سے ٹریفک کیلئے بند کر دیا گیا ہے۔ ریگل چوک سے مال روڈ کی جانب جانے والی سڑک بھی مکمل طور پر بند ہے، جس کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے، ٹریفک کیلئے پنجاب اسمبلی سے گنگا رام ہسپتال کی جانب جانے والا راستہ کھلا رکھا گیا ہے۔ جماعت اسلامی کے قائدین نے اعلان کیا ہے کہ مطالبات کی منظوری تک دھرنا جاری رکھا جائے گا، احتجاج جماعت اسلامی کے کسی ذاتی مفاد کیلئے نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کو مہنگائی سے ریلیف دلانے کیلئے کیا جا رہا ہے۔ جماعت اسلامی کے رہنماؤں نے حکومت سے پٹرولیم مصنوعات پر عائد اضافی بوجھ ختم کرنے اور عوام کو مہنگائی سے ریلیف فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔