وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا مری مال روڈ کا اچانک دورہ

08-16-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے مری مال روڈ کا اچانک دورہ کیا اور ایکوائر کی گئی عمارتوں سمیت جاری آپریشن کا معائنہ کیا۔

وزیراعلیٰ نے مال روڈ کی ویلی سائیڈ پر جاری فیس اپ لفٹنگ منصوبے کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے گاڑی سے ہی مال روڈ کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور وہاں جاری انتظامات کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو دیکھ کر مال روڈ پر موجود سیاحوں نے ہاتھ ہلا کر خوشی کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ کی آمد کے موقع پر سکیورٹی کے سخت اور غیر معمولی انتظامات کیے گئے تھے، جبکہ مال روڈ اور اطراف میں صفائی ستھرائی کے خصوصی انتظامات رات گئے سے ہی جاری تھے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف گورنمنٹ ہاؤس مری میں مری ڈویلپمنٹ پلان کے حوالے سے اجلاس کی صدارت بھی کریں گی، جس میں مری کی ترقی، جاری منصوبوں اور سیاحوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کے بارے میں اہم بریفنگ دی جائے گی۔