پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے ایشیا کپ اور ایشین گیمز کے لیے سکواڈز کا اعلان
08-16-2026
(لاہور نیوز) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ویمن ایشیا کپ اور 20ویں ایشین گیمز کے لیے پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم کے اسکواڈز کا اعلان کر دیا ہے۔
دونوں ایونٹس کے لیے 15،15 رکنی سکواڈ تشکیل دیے گئے ہیں، جبکہ فاطمہ ثنا دونوں ٹورنامنٹس میں قومی ٹیم کی قیادت کریں گی۔ فاطمہ ثنا، منیبہ علی، شوال ذوالفقار، عائشہ ظفر، گل فیروزہ، سائرہ جبیّن، ایمان فاطمہ، ایمان نصیر، امِ ہانی، طوبہ حسن، نَشرا سندھو اور مومنہ ریاست دونوں سکواڈز کا حصہ ہیں۔ ایشیا کپ کے سکواڈ میں نجیہہ علوی، وحیدہ اختر اور سعدیہ اقبال کو شامل کیا گیا ہے، جبکہ ایشین گیمز کے لیے عالیہ ریاض، تسمیہ رباب اور حمنہ بلال کو سکواڈ میں جگہ دی گئی ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ 16 سے 25 اگست تک نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں منعقد ہوگا۔ ویمن ایشیا کپ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں کھیلا جائے گا، جس کے تمام 15 میچز دبئی انٹرنیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں ہوں گے۔ ایشیا کپ میں پاکستان کو گروپ اے میں بھارت، تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ، چین کے ساتھ رکھا گیا ہے، جبکہ گروپ بی میں بنگلہ دیش، انڈونیشیا، سری لنکا اور متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔ پاکستان ویمن ٹیم ایشیا کپ میں اپنی مہم کا آغاز یکم ستمبر کو تھائی لینڈ کے خلاف کرے گی، جبکہ روایتی حریف بھارت کے خلاف اہم میچ 5 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔ پاکستان 7 ستمبر کو ہانگ کانگ، چین کے مدمقابل ہوگا۔ دوسری جانب پاکستان ویمن ٹیم 20ویں ایشین گیمز میں بھی ایکشن میں نظر آئے گی۔ ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ 17 سے 22 ستمبر تک جاپان میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان 17 ستمبر کو کوارٹر فائنل میں تھائی لینڈ کا سامنا کرے گا۔ کوارٹر فائنل میں کامیابی کی صورت میں پاکستان 20 ستمبر کو سیمی فائنل کھیلے گا، جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا یا ملائیشیا میں سے کسی ایک ٹیم سے ہوگا۔ ویمنز کرکٹ کے کانسی اور طلائی تمغوں کے میچز 22 ستمبر کو ہوں گے۔ پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم اس سے قبل 2010 اور 2014 کے ایشین گیمز میں کرکٹ کے طلائی تمغے اپنے نام کر چکی ہے۔