پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں پانی کا بہاؤ معمول پر، دریائے سندھ میں نچلے درجے کا سیلاب
08-16-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کے دریاؤں میں مجموعی طور پر پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے، تاہم دریائے سندھ میں تربیلا، کالا باغ، چشمہ اور تونسہ کے مقامات پر نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے چناب، جہلم، راوی اور ستلج میں پانی کا بہاؤ نارمل سطح پر ہے، جبکہ ڈیرہ غازی خان کی رودکوہیوں میں بھی پانی کا بہاؤ معمول کے مطابق ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق دریائے سندھ میں کالا باغ کے مقام پر پانی کا بہاؤ 3 لاکھ 79 ہزار، چشمہ میں 3 لاکھ 16 ہزار، تونسہ میں 3 لاکھ 24 ہزار جبکہ تربیلا کے مقام پر 2 لاکھ 63 ہزار کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔ دوسری جانب نارووال میں نالہ بسنتر، نالہ ایک اور نالہ بئیں جبکہ شکرگڑھ میں بھی نچلے درجے کے سیلاب کی صورتحال ہے۔ پی ڈی ایم اے کے مطابق تربیلا ڈیم 100 فیصد جبکہ منگلا ڈیم 68 فیصد بھر چکا ہے۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے شہریوں کو موسم اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دریاؤں، نہروں اور ندی نالوں کے اطراف سیر و تفریح سے گریز کیا جائے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ بچوں کا خصوصی خیال رکھیں اور انہیں دریاؤں، ندی نالوں میں نہانے سے روکیں۔