لاہورپولیس کی ٹارگٹ کلنگ: باپ بیٹے کی مقابلے میں ہلاکت، تفتیش میں اہم انکشافات

08-15-2026

(لاہور نیوز) لاہور پولیس کی ٹارگٹ کلنگ کے واقعہ کی تفتیش میں اہم انکشافات سامنے آگئے،پولیس کے مطابق ٹارگٹ کلرز کے گینگ کا سراغ ایل ڈبلیو ایم سی کی سرکاری گاڑی میں نصب ٹریکر کے ذریعے لگایا گیا۔

تفتیش کے دوران معلوم ہوا کہ ملزمان کو جب سرکاری گاڑی میں ٹریکر نصب ہونے کا علم ہواتوانہوں نے مریدکے کے قریب گاڑی اور ڈرائیور کو چھوڑ دیا۔ پولیس کے مطابق مصری شاہ میں ٹارگٹ کلر ریحان بٹ کے گھر پر کارروائی کے دوران ہینڈ گرینیڈ بھی برآمد ہوئے۔ ریحان بٹ اور فیاض بٹ کے خاندان کے دیگر افراد کو بھی شاملِ تفتیش کرلیا گیا ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلرز سے رابطے میں رہنے والے پولیس اہلکاروں سے بھی تفتیش جاری ہے، جبکہ متعلقہ اہلکاروں کے موبائل فونز کا ریکارڈ اور سوشل میڈیا اکاؤنٹس بھی چیک کیے جا رہے ہیں۔ تفتیش کے مطابق ٹارگٹ کلر ریحان بٹ، فیاض اور طارق نے سب انسپکٹر عدیل اور کانسٹیبل اسد پر فائرنگ کے بعد اپنے موبائل فون بند کردیے تھے تاکہ لوکیشن ٹریس نہ ہوسکے۔ پولیس کے مطابق واقعہ کے بعد فرار ہونے والا ملزم طارق تاحال پولیس کی گرفت میں نہیں آسکا، جس کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔