2027 ء سے پنجاب کے کالجز میں مینوئل داخلے ختم، تمام ایڈمیشن آن لائن ہونگے

08-15-2026

(لاہور نیوز) حکومت پنجاب نے سرکاری کالجز میں داخلہ نظام کو مکمل طور پر پیپر لیس اور آن لائن کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

محکمہ ہائر ایجوکیشن کے مطابق 2027 سے صوبے کے تمام سرکاری کالجز میں مینوئل داخلوں کا سلسلہ ختم کردیا جائے گا اور طلبہ کے داخلے سمیت تمام مراحل آن لائن مکمل ہوں گے۔ ڈی پی آئی کالجز ڈاکٹر انصر اظہر کے مطابق آئندہ سال کالجز میں پراسپیکٹس اور داخلہ فارم کاغذی صورت میں جاری نہیں کیے جائیں گے، جبکہ آن لائن پراسپیکٹس، فارم کے اجراء اور فیسوں کی آن لائن وصولی کا نظام رائج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کی ماحول دوست اور پیپر لیس پالیسی کے تحت کیا جا رہا ہے۔ نئے نظام کے تحت طلبہ اور والدین کو داخلے کے لیے کالجز میں لمبی قطاروں میں کھڑے ہونے کی ضرورت نہیں ہوگی بلکہ وہ ای سسٹم کے ذریعے داخلہ حاصل کرسکیں گے۔ ڈی پی آئی کالجز کے مطابق رواں سال داخلہ فیسوں کو آن لائن موڈ میں منتقل کیا گیا ہے، جبکہ اگلے سال داخلوں سے متعلق تمام مراحل کو مکمل طور پر آن لائن کردیا جائے گا۔