مہنگائی مافیا بے لگام، مٹن 2800 روپے کلو تک بکنے لگا
08-15-2026
(لاہور نیوز) مہنگائی کے باعث شہریوں کیلئے پروٹین کا حصول بھی مشکل سے مشکل تر ہو گیا۔
مارکیٹ میں صحت مند بکرے کا معیاری مٹن 2 ہزار 800 روپے فی کلو تک فروخت ہو رہا ہے، جبکہ معیاری بیف کی قیمت 1 ہزار 600 روپے فی کلو تک پہنچ گئی ہے۔ دوسری جانب برائلر کا صافی گوشت بھی 580 روپے فی کلو تک فروخت کیا جا رہا ہے، جس کے باعث کم آمدن والے شہریوں کیلئے سستا پروٹین حاصل کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ دالیں اور سبزیاں خریدنا بھی مشکل ہو گیا ہے، مٹن اور بیف تو عام آدمی کی پہنچ سے بہت دور ہیں، ایک شہری نے کہا کہ مٹن سفید پوش طبقہ نہیں خرید سکتا جبکہ بیف بھی مشکل سے ہی خریدا جاتا ہے۔ ایک اور شہری کا کہنا تھا کہ غریب کیلئے برائلر گوشت ہی واحد نسبتاً سستا آپشن رہ گیا ہے، لیکن اس کی قیمت بھی مسلسل بڑھ رہی ہے، ایسے میں عام آدمی کیا کر سکتا ہے۔ شہریوں نے حکومت سے اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں کمی اور گوشت سمیت بنیادی غذائی اشیا کو عام آدمی کی پہنچ میں لانے کیلئے مؤثر اقدامات کا مطالبہ کیا ہے۔