2029ء تک پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس میں فعال صوبہ بنانے کا ہدف مقرر
08-15-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 2029 تک پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس (اے آئی) فعال صوبہ بنانے کا ہدف مقرر کر دیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ سے متعلق مشاورت کی گئی۔ صوبائی مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے وزیراعلیٰ کو اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ملاقات میں پنجاب میں قائم پہلے آرٹیفیشل انٹیلی جنس فعال ڈیلیوری یونٹ سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ علی مصطفیٰ ڈار نے پنجاب کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی ٹیم، جبکہ ماہرین کے تعاون سے تیار کردہ آن بورڈنگ پروگرام کے بارے میں بھی وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ ملاقات کے دوران پنجاب کو آرٹیفیشل انٹیلی جنس این ایبلڈ صوبہ بنانے کے وژن پر جاری پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور آئندہ کے لائحہ عمل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو اے آئی وژن 2029 کے 6 بنیادی ستونوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ملاقات میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ پنجاب میں جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے مؤثر استعمال کے ذریعے حکومتی خدمات، گورننس اور عوامی سہولت کے نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔