پنجاب میں بڑے مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا آغاز
08-15-2026
(لاہور نیوز) پنجاب میں بڑے مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔
صوبائی وزیر اوقاف و مذہبی امور چوہدری شافع حسین نے ایوان اوقاف میں قائم جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا افتتاح کر دیا، کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کے ذریعے پہلے مرحلے میں لاہور اور ملتان کے چار، چار مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جا رہی ہے، جبکہ دوسرے مرحلے میں پنجاب کے مزید 8 مزارات کو بھی اس نظام میں شامل کیا جائے گا۔ افتتاح کے بعد صوبائی وزیر نے کمانڈ اینڈ کنٹرول روم سے مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کے عمل کا مشاہدہ کیا، اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ، ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی جی مذہبی امور اور اوقاف آرگنائزیشن کے ڈائریکٹرز بھی موجود تھے۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ ایوان اوقاف میں اسٹیٹ آف دی آرٹ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم کا قیام شاندار اقدام ہے، جس کے ذریعے پنجاب بھر کے مزارات کی ڈیجیٹل مانیٹرنگ کی جائے گی، انہوں نے مزارات کو ڈیجیٹل مانیٹرنگ کیلئے متعلقہ تھانوں سے منسلک کرنے اور کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں معیاری انٹرنیٹ کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ محکمہ اوقاف کے امور کی ڈیجیٹائزیشن کا عمل بھی جاری ہے اور محکمہ اوقاف کی تمام زمینوں کو ڈیجیٹل ریکارڈ میں منتقل کیا جا رہا ہے، اوقاف اراضی کی ڈیجیٹائزیشن سے ناجائز قابضین کے خلاف کارروائی اور اراضی واگزار کرانے میں مدد ملے گی، اوقاف کی اراضی کا ایک ایک انچ ناجائز قابضین سے واگزار کروایا جائے گا۔ چوہدری شافع حسین نے کہا کہ محکمہ اوقاف میں اصلاحات کے حوالے سے سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ اور ان کی ٹیم نے شاندار کام کیا ہے، سیکرٹری اوقاف کی انتھک محنت سے ادارے کے امور میں بہتری اور آمدن میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔ اس موقع پر سیکرٹری اوقاف ڈاکٹر احسان بھٹہ نے صوبائی وزیر کو کمانڈ اینڈ کنٹرول روم اور ادارے میں کی جانے والی اصلاحات کے حوالے سے بریفنگ دی، انہوں نے بتایا کہ کمانڈ اینڈ کنٹرول روم 24 گھنٹے فعال رہے گا جبکہ تعینات عملہ تین شفٹوں میں فرائض انجام دے گا، عملے کو ایک ہفتے کی خصوصی تربیت بھی فراہم کی گئی ہے۔