مغلپورہ : گھر کے باہر ہوائی فائرنگ کرنے والا ملزم گرفتار
08-15-2026
(لاہور نیوز) مغلپورہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے مجاہد آباد میں گھر کے باہر سرعام ہوائی فائرنگ کرنے والے ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق ملزم عابد جشن کی آڑ میں اندھا دھند ہوائی فائرنگ کر رہا تھا۔ اطلاع ملتے ہی مغلپورہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ملزم کے قبضے سے فائرنگ میں استعمال ہونے والا اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے ملزم عابد کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ہے۔ ایس پی سول لائنز کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ اور اسلحے کی نمائش کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عملدرآمد جاری ہے۔ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کے لیے قانون شکن عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جا رہی ہے۔