جشنِ آزادی: منچلوں اور ون ویلرز کیخلاف کریک ڈاؤن، 3 ہزار موٹر سائیکلیں بند
08-15-2026
(لاہور نیوز) جشنِ آزادی کے موقع پر ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے منچلوں، تیز رفتار ڈرائیورز اور خطرناک کرتب دکھانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا۔
جشنِ آزادی کے دو روز کے دوران ٹریفک پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 ہزار سے زائد موٹرسائیکلیں بند کر دیں، جبکہ ون ویلنگ اور خطرناک ڈرائیونگ میں ملوث افراد کے خلاف مختلف تھانوں میں مقدمات بھی درج کیے گئے۔ پولیس کے مطابق ون ویلنگ کرنے والوں کے خلاف 5 مقدمات درج کروائے گئے۔ اس کے علاوہ تیز رفتاری، خطرناک کرتب اور روڈ بلاکنگ کرنے والوں کے خلاف بھی 5 مقدمات درج کیے گئے۔ کار ڈرفٹنگ کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی گئی اور اس سلسلے میں 2 مقدمات درج کیے گئے۔ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں پر کارروائی کے دوران جشنِ آزادی کے موقع پر ون وے کی خلاف ورزی پر 666 چالان کئے گئے، جبکہ موٹرسائیکل پر تین سواریاں بٹھانے پر 614 چالان کئے گئے۔ پولیس کے مطابق بغیر ہیلمٹ موٹرسائیکل چلانے والے 3,351 افراد کے خلاف بھی کارروائی کی گئی۔ حکام کا کہنا ہے کہ سڑکوں پر شہریوں کی جان و مال کے تحفظ اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خطرناک ڈرائیونگ اور خلافِ قانون سرگرمیوں کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔