سگیاں میں غیرقانونی مذبح خانے پر چھاپہ، 700 کلو مضر صحت گوشت برآمد

08-15-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے صحت دشمن عناصر کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے سگیاں کے علاقے میں غیر قانونی مذبح خانے پر چھاپہ مار کر 700 کلو بدبودار اور مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔

ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی راجہ منصور احمد  نے ٹیموں کے ہمراہ کارروائی کی، ان کے مطابق برآمد کئے گئے گوشت کی رنگت نیلی تھی جبکہ تفصیلی معائنے کے دوران گوشت مختلف موذی بیماریوں سے متاثرہ پایا گیا۔ راجہ منصور احمد کے مطابق بیمار گوشت پر دانے اور پانی کی تھیلیاں بنی ہوئی تھیں جبکہ گوشت کے ریشوں میں کیڑے بھی موجود تھے، غیر قانونی سلاٹر اینڈ سٹوریج ہاؤس رہائشی علاقے میں چھپا کر بنایا گیا تھا، جبکہ فوڈ سیفٹی ٹیموں کے پہنچنے پر مذبح خانے کا مالک موقع سے فرار ہو گیا۔ ڈی جی فوڈ اتھارٹی نے بتایا کہ مذبح خانے کا کوئی لائسنس یا ریکارڈ موجود نہیں تھا اور گوشت ایس او پیز کی خلاف ورزی کرتے ہوئے زمین پر رکھا گیا تھا، جگہ پر ناقص سٹوریج، مکھیوں اور کیڑوں کی بھرمار، ٹوٹے ہوئے فرش، کھڑا گندا پانی اور دیواروں پر فنگس بھی پائی گئی۔ راجہ منصور احمد کے مطابق پکڑا گیا 700 کلو بدبودار گوشت انسانی صحت کیلئے انتہائی مضر تھا، جسے پیمکو بھٹی میں جلا کر تلف کر دیا گیا جبکہ ذمہ داران کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ڈی جی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے کہا کہ خوراک میں جعلسازی سنگین جرم ہے اور ناقص و غیرمعیاری اشیائے خورونوش کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف مسلسل کارروائیاں جاری رہیں گی، وزیراعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق شہریوں کو معیاری اور محفوظ خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے۔