لاہور میں جشن آزادی پر قانون شکنوں کے خلاف کارروائیاں، 55 افراد گرفتار

08-15-2026

(لاہور نیوز) آئی جی پنجاب عبدالکریم نے یوم آزادی کی تقریبات کے پرامن انعقاد اور بہترین سکیورٹی انتظامات پر پنجاب پولیس فورس کو شاباش دی ہے۔

آئی جی پنجاب نے سی سی پی او لاہور سمیت تمام آر پی اوز اور ڈی پی اوز کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ یوم آزادی کے موقع پر آر پی اوز، سی پی اوز، ڈی پی اوز سمیت سینئر پولیس افسران  نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق جشن آزادی کے موقع پر ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور دیگر قانون شکنی کے خلاف صوبہ بھر میں سخت کریک ڈاؤن کیا گیا، مختلف قانون شکنیوں میں ملوث 108 افراد کو گرفتار کرکے 91 مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان کے مطابق صوبہ بھر میں ون ویلنگ کے خلاف کارروائیوں کے دوران 101 ملزمان گرفتار جبکہ  85 مقدمات درج کئے گئے، اسی طرح ہوائی فائرنگ کے الزام میں 6 ملزمان گرفتار اور  5 مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور میں بھی جشن آزادی کے دوران مختلف خلاف ورزیوں پر  55 قانون شکن افراد کو گرفتار کیا گیا جبکہ 42 مقدمات درج کئے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق آئی جی پنجاب عبدالکریم  نے جشن آزادی سے قبل ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ اور ہلڑ بازی کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کے احکامات جاری کئے تھے، جن پر پنجاب پولیس نے مؤثر انداز میں عملدرآمد کیا۔