گرین پاکستان انیشیٹو کے تحت پنجاب بھر میں شجرکاری کا آغاز

08-14-2026

(لاہور نیوز) گرین پنجاب کے فروغ کے لیے صوبے بھر میں بڑے پیمانے پر شجرکاری مہم کا آغاز کر دیا گیا، جبکہ گرین انیشیٹو کے تحت یومِ آزادی کی مناسبت سے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) میں اب تک کی بڑی شجرکاری مہم شروع کردی گئی۔

ڈی جی ای پی اے سید موسیٰ رضا اور پارلیمانی سیکرٹری کنول لیاقت کی ہدایت پر جاری مہم کے تحت روڈا کے مختلف علاقوں میں 50 ہزار درخت لگانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ منصوبے کے تحت صنعتی زون کے داخلی راستے سے دیہات اور سی بی ون ایریا تک گرین کوریڈورز قائم کیے جا رہے ہیں، شجرکاری مہم میں جامن، امرود، نیم، مالٹا اور دیگر مقامی و پھل دار درخت شامل ہیں۔ روڈا کے ترقیاتی علاقوں میں سبزہ بڑھانے کے لیے گرین کوریڈورز بھی قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ آوان ڈھیوالا، گنجے سدھوا اور زہرا ہومز کے اطراف بھی شجرکاری کا عمل جاری ہے۔ حکام کے مطابق زہرا ہومز منصوبہ وزیراعلیٰ پنجاب کے "اپنی چھت، اپنا گھر" پروگرام کے تحت تعمیر کیا جا رہا ہے، جہاں ماحول دوست ترقی کو فروغ دینے کے لیے شجرکاری پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔