79واں جشنِ آزادی: سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں پرچم کشائی، اہم شخصیات کی شرکت
08-14-2026
(ویب ڈیسک) سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 79ویں جشنِ آزادی کے سلسلہ میں پرچم کشائی، وفاقی آئینی عدالت کے جسٹس علی باقر نجفی نے قومی پرچم لہرایا.
سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں 79ویں جشنِ آزادی کے سلسلہ میں پروقار پرچم کشائی تقریب کا انعقاد کیا گیا، وفاقی آئینی عدالت کے جج جسٹس علی باقر نجفی نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری کی عمارت پر قومی پرچم لہرایا، پرچم کشائی تقریب میں وکلاء، بار عہدیداران اور عدالتی و سرکاری افسران نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ تقریب میں وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل پیر مسعود چشتی، ممبر پاکستان بار کونسل چوہدری طاہر نصراللہ وڑائچ اور اسسٹنٹ اٹارنی جنرل چوہدری عثمان غنی شریک ہوئے، اسسٹنٹ اٹارنی جنرل سونیا جدون نے بھی تقریب میں شرکت کی، جبکہ امیدوار سیکرٹری سپریم کورٹ بار ملک عارف اعوان سمیت دیگر وکلاء بھی تقریب میں موجود تھے۔ تقریب میں ایڈووکیٹ راجہ ذوالقرنین، چوہدری غلام مرتضیٰ اور یاسین بھٹی سمیت دیگر وکلاء نے بھی شرکت کی، شرکاء نے قومی پرچم کو سلام پیش کرتے ہوئے وطن عزیز کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اس موقع پر ملک کی آزادی اور خودمختاری کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا جبکہ شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان کی ترقی، آئین و قانون کی بالادستی اور انصاف کی فراہمی کیلئے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں ادا کی جائیں گی۔ تقریب کے دوران قومی پرچم بلند ہوتے ہی شرکاء نے قومی جذبے کا اظہار کیا، جشنِ آزادی کی مناسبت سے ملک کی سلامتی، استحکام، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا بھی کی گئی۔