پاکستان کی ترقی ہماری ذمہ داری اور سربلندی ہماری منزل ہے، شیخ فرید احمد

08-14-2026

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کی خصوصی ہدایت پر ڈائریکٹوریٹ جنرل پبلک ریلیشنز پنجاب (ڈی جی پی آر) میں پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے سلسلے میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں افسران و اہلکاروں نے بھرپور شرکت کی۔

ڈی جی پی آر پنجاب شیخ فرید احمد نے تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی اور پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر قوم کو دلی مبارکباد پیش کی، اس موقع پر انہوں  نے کہا کہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بے مثال قیادت اور ہمارے بزرگوں کی لازوال قربانیوں کے نتیجے میں معرضِ وجود میں آیا۔ شیخ فرید احمد نے کہا کہ ہمارے بزرگوں نے آزادی کے حصول کیلئے بے شمار قربانیاں دیں اور ہجرت کی صعوبتیں برداشت کیں، پاکستان صرف زمین کا ایک ٹکڑا نہیں بلکہ ہمارے خوابوں، امیدوں اور آنے والی نسلوں کا مستقبل ہے، پاکستان  نے ہمیں دنیا میں ایک منفرد شناخت اور پہچان عطا کی جس پر ہمیں فخر ہے۔ ڈی جی پی آر پنجاب کے سربراہ نے کہا کہ پاکستان آج ایک ایٹمی قوت اور عالمِ اسلام میں ایک اہم اور باوقار مقام رکھتا ہے، آزادی اللہ تعالیٰ کی عظیم نعمت ہے اور اس کی قدر و حفاظت ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی جی پی آر حکومت اور عوام کے درمیان مؤثر رابطے، درست معلومات کی فراہمی اور مثبت قومی تشخص اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کر رہا ہے، ذمہ دارانہ ابلاغ کے ذریعے عوامی اعتماد کو مضبوط اور قومی یکجہتی کو فروغ دینا ہمارا فرض ہے۔ شیخ فرید احمد نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر ہم اپنے فرائض ذمہ داری، دیانت، محنت اور اخلاص کے ساتھ ادا کرنے کا عہد کرتے ہیں، پاکستان کو انسانیت، رواداری، خوشحالی اور اچھی طرزِ حکمرانی کی مثال بنانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں عوامی فلاح، متوازن ترقی اور بہتر طرزِ حکمرانی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کو قابلِ تحسین قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اجتماعی کوششیں جاری رہنی چاہئیں۔ ڈی جی پی آر پنجاب شیخ فرید احمد نے افواجِ پاکستان کے بہادر جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ دن رات وطن کی سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہیں، پاکستان کے شہداء نے اپنے لہو سے وطن کی آزادی، دفاع اور سلامتی کی حفاظت کی، جبکہ مسلح افواج کا ملکی دفاع اور سلامتی میں کردار ہمیشہ قابلِ فخر اور قابلِ احترام رہا ہے۔