پاکستان دنیا کے طاقتور ممالک کی صف میں کھڑا ہے: عظمیٰ بخاری

08-14-2026

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان ہمیں پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملا، اس کے حصول کے لیے ہمارے آباؤ اجداد نے بے شمار قربانیاں دیں۔

عظمیٰ بخاری نے جشن آزادی کے موقع پر اپنے ویڈیو پیغام میں پوری قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ 1947ء سے آج تک پاکستان نے جو سفر طے کیا ہے وہ انتہائی قابلِ قدر ہے، آج پاکستان کو ہر فورم پر عزت مل رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں ثالثی کی بات ہو، جنگ رکوانے کا معاملہ ہو یا بڑے فیصلے کی بات، ہر جگہ پاکستان کا نام آتا ہے، پاکستان آج دنیا کے طاقتور ممالک کی صف میں کھڑا ہے۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کے دن ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ پاکستان کو آگے بڑھانے کے لیے سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے ترقی کرنی ہے جبکہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی کارکردگی کا پورا پاکستان معترف ہے۔ عظمیٰ بخاری نے کہا کہ میری دعا ہے کہ پنجاب کی طرح باقی صوبوں میں بھی ترقی ہو، دعا گو ہوں پاکستان کے لوگ اسی طرح آگے بڑھیں اور ترقی کریں۔