لاہور میں اہلکاروں کو قتل کرنے والے باپ بیٹا مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک

08-14-2026

(لاہور نیوز) بادامی باغ اور نواں کوٹ میں پولیس اہلکاروں کو شہید کرنے والے باپ بیٹا شیخوپورہ کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ہلاک ہوگئے، ہلاک ملزمان کی شناخت ریحان بٹ اور فیاض بٹ کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس کے مطابق ملزمان لاہور میں فائرنگ کے بعد سرکاری گاڑی لے کر فرار ہوگئے تھے، جن کی گرفتاری کے لیے سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن، لاہور پولیس اور شیخوپورہ پولیس سمیت دیگر ٹیمیں تعاقب میں تھیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ شیخوپورہ کے علاقے راوی ریان کے قریب ملزمان سرکاری گاڑی چھوڑ کر ایک گھر میں داخل ہوگئے اور اہلِ خانہ کو اسلحے کے زور پر یرغمال بنا لیا۔ ملزمان کی گرفتاری کے لیے لاہور پولیس، سی سی ڈی ماڈل ٹاؤن اور سی سی ڈی شیخوپورہ کی ٹیموں نے آپریشن کیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس ٹیم پر فائرنگ کردی، جس کے بعد دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں دونوں ملزمان ہلاک ہوگئے۔ پولیس حکام کے مطابق ملزمان نے لاہور کے علاقے بادامی باغ میں فائرنگ کرکے سب انسپکٹر عدیل اور ہیڈ کانسٹیبل اسد کو شہید کیا تھا، جبکہ نواں کوٹ میں اہلکار حارث کو شہید اور تین اہلکاروں کو زخمی کیا تھا۔ زخمی اہلکاروں کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ پولیس نے تیسرے فرار ملزم کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔