یومِ آزادی قومی ذمہ داریوں اور اسلاف کی قربانیوں کی یاد دہانی ہے، ڈاکٹر احسان بھٹہ
08-14-2026
(لاہور نیوز) یومِ آزادیِ پاکستان کے سلسلے میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کے زیرِ اہتمام ایوانِ اوقاف میں پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں پرچم کشائی کی گئی اور یومِ آزادی کی خوشی میں کیک بھی کاٹا گیا۔
تقریب میں ڈی جی مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمن، ڈائریکٹر ایڈمن شاکر سندھو، ڈائریکٹر پروجیکٹس رفیق نور وٹو سمیت محکمہ اوقاف و مذہبی امور کے اعلیٰ افسران اور اہلکاروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ یومِ آزادی محض ایک روایتی جشن نہیں بلکہ قومی ذمہ داریوں اور اسلاف کی عظیم قربانیوں کو یاد کرنے کا دن ہے، پاکستان قائداعظم محمد علی جناحؒ کی بصیرت افروز قیادت اور برصغیر کے مسلمانوں کی عظیم جدوجہد کا نتیجہ ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ تمام افسران اور اہلکار محنت، ایمانداری اور دلی لگن سے اپنے فرائض سرانجام دیں، بطور سرکاری خادم، دیانتداری اور نظم و ضبط کے ذریعے ریاستی اداروں کو مضبوط بنانا ہم سب کا قومی فرض ہے۔ انہوں نے قومی شہداء اور مسلح افواج کی جرات، شجاعت اور بے مثال قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے شہداء اور غازیوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ سیکرٹری اوقاف پنجاب نے کہا کہ شہری ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر ایک مضبوط، خوشحال اور پرامن پاکستان کی تعمیر میں اپنا کردار ادا کریں، قومی ترقی کیلئے اتحاد، ذمہ داری اور ایمانداری کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب صوفیائے کرام کے مزاراتِ مقدسہ کی دیکھ بھال، تزئین و آرائش اور بحالی کیلئے پرعزم ہے، مزارات پر آنے والے لاکھوں عقیدت مندوں کو بہترین، محفوظ اور باوقار سہولیات کی فراہمی ہمارا اخلاقی اور انتظامی فرض ہے۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے واضح کیا کہ عوامی خدمت اور زائرین کو سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی غفلت یا لاپروائی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی، محکمہ اوقاف کے افسران اور اہلکار عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں مزید بہتر انداز میں ادا کریں۔ تقریب کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعا کی گئی اور یومِ آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔