لاہورہائیکورٹ میں 79ویں جشنِ آزادی کی تقریب، چیف جسٹس عالیہ نیلم نے قومی پرچم لہرایا

08-14-2026

(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ میں 79ویں جشنِ آزادی کے سلسلے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے عدالت عالیہ کی تاریخی عمارت پر قومی پرچم لہرایا۔

تقریب میں جسٹس عابد عزیز شیخ، جسٹس سید شہبازعلی رضوی، جسٹس چودھری محمد اقبال سمیت دیگر فاضل ججز، افسران و سٹاف اور ان کے اہل خانہ نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ پرچم کشائی کے بعد چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عالیہ نیلم نے تقریب سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ کے خاص کرم سے آج ہم اپنا 79واں جشنِ آزادی منا رہے ہیں، وطن سے محبت ایمان کا حصہ ہے، آج ہمارا فریضہ ہے کہ وطن کی سربلندی کے لیے دن رات محنت کریں۔ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ قائداعظم کے وژن کے مطابق کام کرتے ہوئے ملک و قوم کو مزید مضبوط اور باوقار بنانا ہے۔ یوم آزادی کا پیغام ایمان، اتحاد اور تنظیم کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری انصاف کی فراہمی کے لیے بھرپور انداز میں اپنے فرائض انجام دے رہی ہیں اور انصاف کے نظام کو مزید جوابدہ بنایا جا رہا ہے۔ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے بتایا کہ کیس مینجمنٹ سسٹم کے تحت مقدمات کو ریکارڈ میں لایا گیا، لاہور ہائیکورٹ نے سال 2025 میں تاریخی طور پر ایک لاکھ 73 ہزار سے زائد مقدمات کے فیصلے کیے، جبکہ پنجاب کی ضلعی عدلیہ نے گزشتہ دو برس کے دوران 80 لاکھ سے زائد مقدمات نمٹائے۔ انہوں نے کہا کہ اتنی بڑی تعداد میں مقدمات کے فیصلے کرنا آسان نہیں تھا، ججز اور عدالتی عملے نے ملک و قوم کے لیے دن رات محنت کی۔ عدالت کا وقت ختم ہوجاتا ہے لیکن ججز کا وقت ختم نہیں ہوتا، سائلین کو سننے کے بعد ججز رات ایک، ایک بجے تک بیٹھ کر فیصلے لکھواتے ہیں۔ جسٹس عالیہ نیلم نے کہا کہ ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی ویب سائٹس پر عدالتی کارکردگی کا تمام ڈیٹا موجود ہے۔ کیس کے آغاز سے فیصلے تک ججز کی محنت شامل ہوتی ہے، جبکہ ماڈل کورٹس نے بھی تاریخی کام کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 80 فیصد اضلاع میں 2023 سے پہلے کے مقدمات ختم ہو چکے ہیں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ جوڈیشری کی اسٹیبلشمنٹ اور تمام عدالتی عملہ بھی قابلِ تعریف ہے، صرف جج نہیں بلکہ پورا عملہ مل کر انصاف کی فراہمی کے عمل میں کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے عدالتی عملے کے تعاون پر ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عدلیہ آئین پاکستان کے مطابق اپنی ذمہ داریاں پوری کرتی رہے گی۔ دعا ہے کہ ہمارا ملک تاقیامت قائم و دائم رہے، ان شاء اللہ۔ تقریب کے اختتام پر ملکی سلامتی، ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔ رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ راجہ قمر الزمان نے تقریب کی نظامت کے فرائض انجام دیے۔ تقریب کے اختتام پر چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ نے قوم کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا: قائداعظم زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔