پاکستان ہماری پہچان، ہمارا فخر اور ہماری امید ہے، ملک صہیب احمد بھرتھ
08-14-2026
(لاہور نیوز) صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات ملک صہیب احمد بھرتھ نے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہماری پہچان، ہمارا فخر اور ہماری امید ہے۔
اپنے پیغام میں صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کا 79واں یومِ آزادی قومی جوش و جذبے اور ملی یکجہتی کے ساتھ منایا جا رہا ہے، آزادی ایک عظیم نعمت ہے، جس کے حصول کیلئے ہمارے بزرگوں نے لازوال قربانیاں دیں، اس لئے ہمیں ان کی جدوجہد اور قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھنا چاہئے۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ وطنِ عزیز کے دفاع کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء اور غازی ہمارے قومی ہیروز ہیں، ان کی قربانیاں ہمارے لئے مشعلِ راہ ہیں اور قوم اپنے ان بہادر سپوتوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کا دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے، جبکہ ہماری بہادر افواج ملکی سلامتی اور دفاع کیلئے ہر وقت تیار ہیں، پاکستان کی سلامتی، خودمختاری اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی میں ہر شہری کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا، اتحاد، ایمان اور نظم و ضبط ہی وہ اصول ہیں جن پر عمل کرکے پاکستان کو مزید مضبوط، خوشحال اور ترقی یافتہ ملک بنایا جا سکتا ہے۔