بہتر اور محفوظ پاکستان آئندہ نسلوں کو دینا چاہتے ہیں: وزیراعلیٰ پنجاب
08-14-2026
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے یوم آزادی کے موقع پر پاکستانی قوم کو مبارکباد دیتے ہوئے قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، محترمہ فاطمہ جناح، تحریک پاکستان کے زعما اور تمام اکابرین کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے قیام پاکستان، تعمیر پاکستان اور تحفظ پاکستان کی جدوجہد میں قربانیاں دینے والے شہدا اور غازیوں کو بھی خراج عقیدت پیش کیا اور پاکستانی قوم کے ہر فرد کو سلام پیش کیا۔ مریم نواز شریف نے معرکہ حق میں دفاع وطن کو ناقابل تسخیر بنانے پر غیور افواج پاکستان اور سرحدوں کی حفاظت پر مامور ہر جانباز سپاہی کو سلام پیش کیا۔ انہوں نے اساتذہ، طلبا و طالبات، مزدوروں، کارکنوں، محنت کشوں اور ورکروں کو بھی یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ یوم آزادی پر ہم سب کو تعمیر وطن میں اپنا اپنا بھرپور کردار ادا کرنے کا وعدہ نبھانا ہوگا۔ آنے والی نسلوں کو بہتر اور محفوظ پاکستان دینا چاہتے ہیں، اگر ہر فرد اپنے حصے کا چراغ روشن کرے تو پورے وطن میں اجالا پھیل جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سوہنی دھرتی کو چار چاند لگانے کے لیے اخلاص اور احساس ذمہ داری ہی حقیقی حب الوطنی ہے، نوجوان نسل کے لیے یوم آزادی مستقبل سے عہد وفا نبھانے کا دن ہے، نوجوانوں کے ہاتھ میں قلم، کتاب اور لیپ ٹاپ دیکھنا چاہتے ہیں۔ مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ طلبہ کا دل لگا کر پڑھنا، اساتذہ کا دلجمعی سے پڑھانا، معالج کا احساس اور تاجر کی دیانتداری ہی حقیقی حب الوطنی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم دنیا کی بہترین قوم اور پاکستان دنیا کا بہترین ملک ہے، ہر فرد کے لیے حقیقی ترقی وہی ہے جس میں کوئی پیچھے نہ رہ جائے، ہم دن رات محنت کرکے امید کے دیے جلا رہے اور خوابوں کو حقیقت بنا رہے ہیں۔