آزادی عظیم قربانیوں کا ثمر، اس کی حفاظت قومی ذمہ داری ہے: سپیکر پنجاب اسمبلی

08-14-2026

(لاہور نیوز) سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خاں نے کہا ہے کہ آزادی عظیم قربانیوں کا ثمر ہے، اس کی قدر، حفاظت اور اس کے تقاضوں کو سمجھنا ہم سب کی قومی ذمہ داری ہے۔

سپیکر پنجاب اسمبلی نے پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کے موقع پر پوری قوم کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا کہ آزادی کوئی معمولی نعمت نہیں بلکہ اس کے پیچھے نسلوں کی جدوجہد اور بے مثال قربانیاں پوشیدہ ہیں۔ 14 اگست کا اصل پیغام آزادی کی قدر، اس کی حفاظت اور اس کے تقاضوں کو سمجھنے کے عزم کی تجدید ہے۔ آزادی ہمیں صرف خوشیاں منانے کا حق نہیں دیتی بلکہ اپنے وطن کو امن، ترقی، عدل اور خوشحالی کی راہ پر آگے بڑھانے کی ذمہ داری بھی سونپتی ہے۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ پاکستان کے دفاع، سلامتی اور خودمختاری کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے ہمارے شہداء پوری قوم کا فخر ہیں اور قوم اپنے شہداء کی حرمت اور ان کی عظیم قربانیوں کی قدر سے بخوبی آگاہ ہے۔ انہوں نے بھارتی جارحیت کے مقابلے میں افواجِ پاکستان کی پیشہ ورانہ صلاحیت، جرأت، عزم اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کی کامیاب سفارت کاری اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان کی دفاعی صلاحیت قابلِ تحسین ہے۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ مکہ مکرمہ میں ہونے والا مشترکہ دفاعی معاہدہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان باہمی اعتماد، دفاعی تعاون اور امتِ مسلمہ کے اتحاد کی اہم علامت ہے۔ مکہ مکرمہ کا تاریخی دفاعی معاہدہ پاکستان کی سفارتی اور دفاعی اہمیت کا واضح اعتراف ہے، جبکہ تینوں ممالک کے درمیان بڑھتا ہوا تعاون خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ سلامتی کے فروغ کی جانب اہم پیش رفت ہے۔ ملک محمد احمد خاں نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان نے سفارتی اور دفاعی محاذ پر اپنی صلاحیتوں، عزم اور قومی قوت کا مؤثر اظہار کیا ہے۔ پاکستان کے مستقبل کو محفوظ، مضبوط اور روشن بنانے کے لیے قومی یکجہتی، آئین و قانون کی بالادستی، محنت اور اجتماعی ذمہ داری کے جذبے کو فروغ دینا ہوگا۔ انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ پاکستان کو ہر میدان میں کامیابی، ترقی اور خوشحالی عطا فرمائے اور پوری قوم کو اپنی آزادی کی قدر اور اس کی حفاظت کرنے کی توفیق دے۔