عبداللہ شفیق نے ریڈ بال کرکٹ میں فارم کی واپسی کا کریڈٹ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کو دے دیا
08-13-2026
(ویب ڈیسک) پاکستان کے اوپننگ بیٹر عبداللہ شفیق نے ریڈ بال کرکٹ میں اپنی فارم کی واپسی کا کریڈٹ پریزیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو کرکٹ کو دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس ٹورنامنٹ نے انہیں موجودہ مقام تک پہنچنے میں اہم کردار ادا کیا۔
عبداللہ شفیق نے کہا کہ پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو مجھے یہاں پہنچانے میں بڑی مدد کی جہاں میں آج موجود ہوں، میں نے اپنی ٹیم کو گریڈ ون کرکٹ کے لیے کوالیفائی کرنے میں مدد کی۔ انہوں نے کہا کہ میں گریڈ ٹو رنامنٹ کے دوران ٹیم سے دو گھنٹے پہلے گراونڈ میں بیٹنگ پریکٹس کے لیے پہنچ جاتا تھا، میں سمجھتا ہوں کہ اگر سنجیدہ ہیں اور سخت محنت کرتے ہیں تو اس کا صلہ ضرور ملتا ہے۔ عبداللہ شفیق نے کہا کہ ویسٹ انڈیز کے اٹیک کا میں نے کوئی دباؤ نہیں لیا ، میں سپنر جومیل واریکن کو ٹارگٹ کیا تھا کہ سیٹ نہیں ہونے دینا۔ انگلینڈ کے خلاف شروع ہونے والی ٹیسٹ سیریز کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عبد اللہ شفیق نے کہا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں لیڈز ٹیسٹ کے لیے میں پر اعتماد ہوں کیونکہ میں نے گزشتہ سیزن میں یارکشائر میں ایک چار روزہ میچ کھیلا ہوا ہے۔ اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے عبد اللہ شفیق نے کہا کہ میں نے ہوم سیریز میں انگلینڈ کا سامنا کیا ہوا ہے ، یہ اوے سیریز ایک چیلنج ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ این بشپ کا کتابی پلیئر کہنا قابل فخر ہے ، بڑا کھلاڑی کوئی ایسا کہتا ہے تو خوشی ہوتی ہے، کتابی شاٹس میں نے اپنے والد اور انکل کی سخت محنت کی وجہ سے بہتر بنائے ہیں۔ عبد اللہ شفیق نے کہا کہ آج کل کے نوجوان اتنی محنت نہیں کرتے جتنی میں نے اپنی کتابی شاٹس کے لیے کی ہے۔