چیف آفیسر لاہور کا بلدیہ عظمیٰ کے ملازمین کی 9 بجے حاضری لازمی قرار
08-13-2026
(لاہور نیوز) چیف آفیسر لاہور کلیم یوسف نے دفتری اوقات کی خلاف ورزی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے بلدیہ عظمیٰ لاہور کے تمام افسران اور ملازمین کیلئے صبح 9 بجے حاضری لازمی قرار دے دی۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق تمام سپروائزری افسران کو ہدایت کی گئی ہے کہ دیر سے آنے والے ملازمین کے خلاف قواعد و ضوابط کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے، دفتری اوقات کی خلاف ورزی پر متعلقہ ملازمین کے خلاف رولز کے تحت ایکشن لیا جائے گا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ملازمین کی عدم موجودگی کے باعث عوامی سہولیات کی فراہمی متاثر ہو رہی ہے، اس لئے دفاتر میں بروقت حاضری اور ذمہ داریوں کی ادائیگی یقینی بنائی جائے۔ سرکلر کا اطلاق میٹروپولیٹن کارپوریشن لاہور (MCL) کے تمام ونگز، زونز اور دفاتر پر ہو گا۔ چیف آفیسر لاہور کلیم یوسف نے کہا کہ سرکاری دفاتر میں نظم و ضبط اور کارکردگی برقرار رکھنا ضروری ہے، عوامی امور کی بروقت انجام دہی کیلئے افسران اور ملازمین کی بروقت حاضری یقینی بنائی جائے گی۔