79ویں یوم آزادی پر حضوری باغ اور شاہی قلعہ میں پروقار تقریب کی تیاریاں
08-13-2026
(لاہور نیوز) 79ویں یوم آزادی کے موقع پر 14 اگست کو حضوری باغ اور شاہی قلعہ میں پروقار تقریب کے انعقاد کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز صبح 9 بجے شاہی قلعہ حضوری باغ میں منعقدہ تقریب میں شرکت کریں گی، تقریب کی میزبانی ڈی سی لاہور و ایڈمنسٹریٹر کیپٹن (ر) علی اعجاز کریں گے۔ تقریب کے شیڈول کے مطابق صبح 9 بج کر 6 منٹ پر مزار اقبال پر چادر پوشی اور فاتحہ خوانی کی جائے گی، جبکہ 9 بج کر 15 منٹ پر وزیر اعلیٰ پنجاب حضوری باغ میں بچوں کیلئے قائم کارنر کا دورہ کریں گی، صبح 9 بج کر 20 منٹ پر سائرن بجایا جائے گا، جس کے دو منٹ بعد 9 بج کر 22 منٹ پر قومی ترانے کے ساتھ پرچم کشائی کی جائے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب صبح 9 بج کر 26 منٹ پر تقریب سے روانہ ہوں گی۔ ڈی سی لاہور کیپٹن (ر) علی اعجاز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ سکیورٹی کے پیش نظر وہ صبح 8 بج کر 40 منٹ تک پریو ایریا میں داخل ہو جائیں، کیونکہ 8 بج کر 55 منٹ پر داخلی گیٹ بند کر دیا جائے گا۔ انہوں نے شہریوں کو ہدایت کی کہ سکیورٹی انتظامات کے پیش نظر موبائل فون اور بیگ اپنے گھروں پر چھوڑ کر تقریب میں آئیں۔