ممکنہ بارشوں و سیلاب کے پیش نظر پنجاب بھر میں متعلقہ محکمے ہائی الرٹ

08-13-2026

(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات پر ممکنہ بارشوں، سیلاب اور اربن فلڈنگ سے نمٹنے کے لیے پنجاب کے تمام متعلقہ محکمے ہائی الرٹ کر دیے گئے ہیں، جبکہ صوبہ بھر میں فلڈ مانیٹرنگ سیل 24 گھنٹے فعال ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے ایمرجنسی سروسز اکیڈمی اور ہیڈکوارٹرز کا دورہ کیا، جہاں سیکرٹری ایمرجنسی سروسز ڈاکٹر رضوان نصیر نے انہیں ریسکیو کی تیاریوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔ اس موقع پر ہنگامی تیاریوں، ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی حکمت عملی اور ہنگامی حالات میں رسپانس کی صلاحیت مزید بڑھانے کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے نے ڈیزاسٹر رسپانس کی صلاحیت میں اضافے کے لیے نئی تربیتی سہولیات کا معائنہ کیا اور جدید ریسکیو آلات، واٹر ریسکیو گاڑیوں اور مخصوص تربیتی سہولیات کا جائزہ لیا۔ جدید واٹر ریسکیو بوٹس، لائف جیکٹس اور ڈی واٹرنگ پمپس کی دستیابی بھی چیک کی گئی۔ دورے کے دوران پی ڈی ایم اے اور ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ کے درمیان رابطہ کاری مزید مضبوط بنانے، ہنگامی صورتحال اور قدرتی آفات کے لیے تیاری و رسپانس کو بہتر بنانے پر بھی گفتگو ہوئی۔ پی ڈی ایم اے اور ریسکیو 1122 کے درمیان ڈیٹا شیئرنگ اور مشترکہ کنٹرول روم کے نظام کو مزید مؤثر بنانے پر اتفاق کیا گیا۔ ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے کہا کہ ہنگامی صورتحال کے لیے اعلیٰ سطح کی تیاری اور عوامی تحفظ کو یقینی بنایا جائے گا۔ پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کو ممکنہ بارشوں اور اربن فلڈنگ کے پیشگی الرٹس جاری کر دیے ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں رسپانس ٹائم کو کم سے کم رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ دریاؤں اور ڈیمز کی سطح پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے اور کسی بھی غیر معمولی صورتحال کی صورت میں فوری اطلاع دی جائے گی۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی ہدایت پر پنجاب بھر میں فلڈ مانیٹرنگ سیل 24/7 فعال ہے۔ سیف انور جپہ نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی واضح ہدایات ہیں کہ عوامی تحفظ اولین ترجیح ہے اور کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ تمام متعلقہ محکموں کو مشینری اور عملہ ہائی الرٹ رکھنے کی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔