لاہور کے ہسپتالوں میں گیسٹرو اور ہیضے کے مریضوں میں اضافہ
08-13-2026
(لاہور نیوز) صوبائی دارالحکومت اور گرد و نواح میں گیسٹرو اور ہیضہ کے مریض رپورٹ ہونے لگے ۔
لاہور شہر اور گردونواح کے علاقوں میں گیسٹرو اور ہیضہ کے مریض رپورٹ ہونے لگے ہیں۔ سی ای او ہیلتھ لاہور ڈاکٹر آصف نیازی کا کہنا ہے کہ بنیادی مراکز صحت، ڈسپنسریز اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ یونٹس میں گیسٹرو کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ جولائی کے مہینے میں 7 ہزار افراد گیسٹرو سے متاثر ہوئے، بنیادی مراکز صحت میں روزانہ اوسطاً 271 گیسٹرو کیسز آتے ہیں۔ ڈاکٹر آصف نیازی کا کہنا ہے کہ گیسٹرو سے متاثرہ افراد کی زیادہ تر عمر 5 سے 10 سال کے درمیان ہیں۔ ادھر سینئر میڈیکل آفیسر ڈاکٹر مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ٹیچنگ ہسپتالوں میں گیسٹرو، ہیضہ میں مبتلا افراد کو لایا جارہا ہے، گنگا رام ہسپتال میں 24 گھنٹوں میں 150 سے 200 مریض آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پیچش کا زیادہ ہونا ہیضہ کی بنیادی علامت ہے، میو ہسپتال ایمرجنسی اور آؤٹ ڈور میں ہیضہ کے کیسز آرہے ہیں۔ سینئر میڈیکل افسر ڈاکٹر کاظم کا کہنا ہے کہ گندا پانی اور ریڑھیوں کا کھانا ہیضہ کا باعث بن رہا ہے، بازار کی برف بھی ہیضہ اور ڈائریا کا باعث بن رہی ہے۔