یوم آزادی: ون ویلنگ، ہلڑبازی، روڈ بلاکنگ ہرگز برداشت نہیں ہوگی، سی ٹی او لاہور

08-12-2026

(لاہور نیوز) یوم آزادی کے موقع پر ٹریفک پولیس نے فول پروف ٹریفک انتظامات کا پلان تیار کر لیا، شہر لاہور میں 6 مقامات پر متعدد ریلیاں بھی متوقع ہیں

لاہور میں جشن آزادی کے موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد سڑکوں پر نکلنے اور دیگر اضلاع سے بھی شہریوں کی بڑی تعداد کے شہر کا رخ کرنے کے پیش نظر ٹریفک پولیس نے خصوصی انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ چیف ٹریفک آفیسر لاہور کے مطابق یوم آزادی کے موقع پر شہریوں کو محفوظ اور رواں ٹریفک فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، حادثات سے پاک روڈز اور فول پروف ٹریفک انتظامات کے لیے اضافی نفری تعینات کی جائے گی جبکہ اہم شاہراہوں اور تقریبات کے مقامات پر ٹریفک کی روانی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سی ٹی او لاہور  نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، ہلڑبازی اور روڈ بلاکنگ ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی۔ جشن آزادی کے دوران ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ہلڑبازوں اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف ضلعی پولیس کے ساتھ مل کر 62 مقامات پر خصوصی ناکہ جات بھی لگائے جائیں گے۔ سی ٹی او لاہور نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ جشن آزادی کو ذمہ داری اور نظم و ضبط کے ساتھ منائیں، ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور ون ویلنگ، خطرناک ڈرائیونگ اور سڑکیں بلاک کرنے سے گریز کریں۔