پاکستان، بیلاروس کا اقتصادی و تجارتی تعاون نئی سطح پر لے جانے پر اتفاق

08-12-2026

(لاہورنیوز) اسلام آباد میں پاکستان اور بیلاروس کے مشترکہ وزارتی کمیشن کے نویں اجلاس میں دونوں ممالک نے دوطرفہ اقتصادی و تجارتی تعاون مزید بڑھانے اور تجارت و سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر زور دیا۔

  وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کے تعلقات باہمی اعتماد، تعاون اور مشترکہ مفادات پر مبنی ہیں، جبکہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی روابط کو نئی سطح پر لے جانے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ جام کمال خان نے کہا کہ دونوں ممالک نے زراعت، صنعت، توانائی، ٹیکنالوجی، دفاع، صحت اور فارماسیوٹیکل سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا ہے، مشترکہ ورکنگ گروپ اور ترجیحی تجارتی نظام پر فزیبلٹی سٹڈی سے نئی تجارتی و سرمایہ کاری راہیں کھلیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دستخط شدہ پروٹوکول دونوں ممالک کے درمیان شعبہ وار تعاون کے لیے جامع روڈ میپ ہے، جبکہ ہنرمند افرادی قوت، سکلز ڈویلپمنٹ، ڈیجیٹل معیشت اور چھوٹے و درمیانے کاروبار کے فروغ میں بھی تعاون بڑھایا جائے گا۔ وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان اور بیلاروس کی دوستی باہمی احترام، مشترکہ خوشحالی اور تعاون کے عزم کے ساتھ مزید مستحکم ہوگی اور پاکستان مشترکہ وزارتی کمیشن کے دسویں اجلاس کا منتظر ہے۔