پی آئی اے کو ہیتھرو ایئرپورٹ پر 14 سلاٹس واپس مل گئے
08-12-2026
(ویب ڈیسک) برطانیہ کے ہیتھرو ایئرپورٹ پر غیر ملکی ایئرلائنز کو موسم سرما کیلئے دیئے گئے ہفتہ وار پروازوں کے 14 سلاٹس پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کو واپس مل گئے جس کے بعد پی آئی اے پاکستان سے لندن کیلئے پروازوں کی تعداد بڑھا سکے گی۔
ذرائع کے مطابق برطانوی پروازوں پر پابندی کے تناظر میں ہیتھرو ایئرپورٹ پر پی آئی اے کے 14 سلاٹس ترک ایئرلائنز کو عارضی طور پر دیئے گئے تھے تاہم اب موسم سرما کے شیڈول کیلئے یہ سلاٹس واپس پی آئی اے کو مل گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اکتوبر سے شروع ہونے والے موسم سرما کے شیڈول میں پی آئی اے اسلام آباد اور لاہور سے لندن کیلئے اپنی پروازوں کی تعداد میں اضافہ کرے گی۔ اسلام آباد سے لندن کیلئے پی آئی اے کی ہفتہ وار پروازیں موجودہ 3 سے بڑھ کر ممکنہ طور پر 5 ہو سکتی ہیں جبکہ لاہور سے لندن کی ہفتہ وار پروازوں کی تعداد ایک سے بڑھا کر دو کئے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق سلاٹس کی واپسی کے بعد کراچی اور سیالکوٹ سے بھی لندن کیلئے پی آئی اے کی رابطہ پروازوں میں اضافہ کیا جا سکے گا۔ پی آئی اے کے لندن آپریشن میں ممکنہ توسیع سے برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کیلئے پاکستان اور لندن کے درمیان فضائی رابطے میں مزید بہتری آنے کی توقع ہے۔