پیرا فورس کا پولیس پر انحصار ختم کرنے کا فیصلہ
08-12-2026
(ویب ڈیسک) پیرا فورس نے فیلڈ آپریشنز کیلئے پولیس اہلکاروں پر انحصار مرحلہ وار ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق پیرا فورس اب اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں کو مرحلہ وار فیلڈ میں تعینات کرے گی، پیرا فورس کو پولیس اہلکاروں پر انحصار، فیلڈ لیول پر کرپشن اور اختیارات کے غلط استعمال جیسے چیلنجز کا سامنا ہے، خصوصی قوانین کے مؤثر نفاذ میں گزشتہ 25 برس سے موجود خلا بھی فورس کیلئے ایک بڑا چیلنج قرار دیا گیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق پیرا میں تعینات پولیس اہلکاروں کے خلاف متعدد شکایات موصول ہو چکی ہیں، جبکہ بعض اہلکاروں کے خلاف تادیبی کارروائیاں بھی کی گئی ہیں، رپورٹ کے مطابق 1,596 اہلکاروں کو وارننگ جبکہ 351 اہلکاروں کو واپس بھجوایا جا چکا ہے۔ ذرائع کے مطابق پیرا میں تعینات پولیس اہلکاروں کو مرحلہ وار فورس کے اپنے تربیت یافتہ اہلکاروں سے تبدیل کیا جائے گا، اس مقصد کیلئے پیرا کی اپنی ٹریننگ اکیڈمی قائم کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے، جہاں اہلکاروں کو خصوصی تربیت فراہم کی جائے گی۔ پیرا میں ڈیجیٹل مانیٹرنگ سسٹمز کے نفاذ کا عمل بھی تیز کیا جارہا ہے تاکہ فیلڈ آپریشنز کی نگرانی اور احتساب کے نظام کو مؤثر بنایا جا سکے، ذرائع کے مطابق پیرا کے آپریشنز کو اس کے قانونی مینڈیٹ تک محدود رکھنے کی سفارش بھی کی گئی ہے، اس کے علاوہ ڈپٹی کمشنرز اور چیئرپرسنز کی کارکردگی کو پیرا کے آپریشنل KPIs سے منسلک کرنے کی تجویز بھی سامنے آئی ہے۔ فورس کی جانب سے پولیس پر انحصار کم کرکے اپنے تربیت یافتہ اہلکار فیلڈ میں لانے کا مقصد آپریشنل کارکردگی، نگرانی اور احتساب کے نظام کو مزید مؤثر بنانا قرار دیا جارہا ہے۔