عید میلاد النبیؐ پر فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے، سی سی پی او لاہور
08-12-2026
(لاہور نیوز) سی سی پی او لاہور بلال صدیق کمیانہ کی زیر صدارت اقبال ٹاؤن اور صدر ڈویژنز کی کارکردگی کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا، جس میں جرائم کی روک تھام، معیاری تفتیش اور شہر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں سی سی پی او لاہور نے عید میلاد النبیؐ کے موقع پر فول پروف سکیورٹی انتظامات یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کے جلوسوں اور اجتماعات کیلئے جامع سکیورٹی پلان تیار کرنے کا حکم دیا۔ بلال صدیق کمیانہ نے ایس ایس پی آپریشنز کو سوشل کرائمز کے خاتمے کیلئے موثر اقدامات اور کریک ڈاؤن کا ٹاسک دیتے ہوئے کہا کہ معاشرتی جرائم کے خلاف کارروائیوں میں کوئی نرمی نہ برتی جائے۔ سی سی پی او لاہور نے ڈالہ کلچر، ہوائی فائرنگ اور اسلحہ کی نمائش کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ امن و امان میں خلل ڈالنے والے عناصر کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی جائے۔ انہوں نے اشتہاری اور عادی جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیوں میں مزید تیزی لانے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ شہریوں کو بروقت ایف آئی آر کا اندراج فراہم کرنا ان کا بنیادی حق ہے، جسے ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ اجلاس میں ڈی آئی جی ایڈمن عمران کشور، ڈی آئی جی انویسٹی گیشن ذیشان رضا، ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران، ایس ایس پی انویسٹی گیشن محمد نوید اور ایس ایس پی آپریشنز عبداللہ احمد نے شرکت کی۔ اس کے علاوہ ماڈل ٹاؤن اور کینٹ ڈویژنز کے ایس پیز، اے ایس پیز، سرکل افسران، ایس ایچ اوز اور انچارجز انویسٹی گیشن بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔