نوجوان پاکستان کا انمول سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں: صدر، وزیراعظم
08-12-2026
(لاہور نیوز) صدر مملکت اور وزیراعظم محمد شہباز شریف کا کہنا ہے کہ نوجوان پاکستان کا انمول سرمایہ اور روشن مستقبل کے معمار ہیں، ان کی صلاحیتوں کا بھرپور اظہار خوشحال، پُرامن اور مضبوط پاکستان کی تعمیر کیلئے ناگزیر ہے۔
صدر مملکت آصف علی زرداری نے بھی نوجوانوں کے عالمی دن پر پاکستانی نوجوانوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کی توانائی، تخلیقی صلاحیت اور عزم پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہے، پاکستان کی تقریباً 67 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر افراد پر مشتمل ہے، اس لئے نوجوان ملک کا سب سے بڑا انسانی سرمایہ ہیں، نوجوانوں کو بااختیار بنانا دراصل پاکستان کے مستقبل میں سرمایہ کاری ہے۔ صدر مملکت کا کہنا تھا کہ معیاری تعلیم، باعزت روزگار اور جدت نوجوانوں کی مشترکہ خواہشات ہیں، جبکہ نوجوان خواتین کی صلاحیتوں اور قیادت کا فروغ ملکی سماجی و معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم یوتھ پروگرام نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، روزگار اور کاروبار کے مواقع فراہم کر رہا ہے، نوجوان دیانت داری، ہمدردی اور برداشت کی اقدار اپناتے ہوئے قومی ترقی میں فعال کردار ادا کریں۔ صدر مملکت نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مضبوط، جامع اور خوشحال پاکستان کی تعمیر نوجوانوں کی بھرپور شرکت سے ہی ممکن ہے۔ دوسری جانب وزیراعظم نے نوجوانوں کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا کہ رواں سال نوجوانوں کا عالمی دن ’’مختلف حالات، مشترکہ امنگیں‘‘ کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو اس حقیقت کی عکاسی کرتا ہے کہ دنیا بھر کے نوجوان مختلف حالات میں زندگی گزارنے کے باوجود روشن مستقبل کے یکساں خواب، خواہشات اور امنگیں رکھتے ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی نوجوان آبادی نے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں قومی اور عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے، حکومت نوجوانوں کی ذہنی، جسمانی، فکری اور علمی نشوونما کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کو ترجیح دے رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نوجوانوں کو جدید اور معیاری تعلیم، فنی و پیشہ ورانہ مہارتوں، روزگار، کاروبار و صنعت کاری، ڈیجیٹل جدت اور سماجی شمولیت کے مواقع فراہم کرکے بااختیار بنانے کیلئے پُرعزم ہے۔ وزیراعظم کے مطابق وزیراعظم یوتھ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام باصلاحیت اور ہنرمند افرادی قوت کی تیاری کیلئے کام کر رہا ہے، جبکہ نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کو عالمی معیار کی پیشہ ورانہ تربیت کیلئے ترجیحی بنیادوں پر مزید فعال کیا گیا ہے۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ دیانت داری، ذمہ داری اور خدمتِ وطن کے جذبے کے ساتھ محنت جاری رکھیں، نوجوانوں کی ترقی ہی قوم کی پائیدار ترقی اور تابناک مستقبل کی ضمانت ہے۔