پنجاب کی سڑکوں پر بین الاقوامی معیار کی سائن ایج متعارف کرانے کا فیصلہ
08-12-2026
(لاہور نیوز) پنجاب کی سڑکوں کو محفوظ، منظم اور خوبصورت بنانے کیلئے محکمہ مواصلات و تعمیرات پنجاب نے بین الاقوامی معیار کی جدید سائن ایج ڈیزائن کرنے کا آغاز کر دیا ہے۔
اس حوالے سے محکمہ سی اینڈ ڈبلیو میں سائن ایج ڈیزائن سے متعلق اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبائی وزیر مواصلات ملک صہیب احمد بھرتھ نے جدید سائن ایج کے ڈیزائن اور دیگر امور کا جائزہ لیا۔ صوبائی وزیر نے متعلقہ حکام کو سڑکوں پر زیبرا کراسنگ، سکول زون، رفتار کی حد اور سمت سے متعلق سائنز نمایاں انداز میں نصب کرنے کی ہدایت کی، انہوں نے ’’آہستہ چلیں‘‘، رفتار کی حد، سمت اور دیگر ضروری ٹریفک سائن ایج کو بھی نمایاں کرنے کی ہدایت کی۔ ملک صہیب احمد بھرتھ نے کہا کہ بین الاقوامی معیار کی سائن ایج سے سڑکوں کی خوبصورتی میں اضافہ ہو گا جبکہ شہریوں کو دورانِ سفر بہتر رہنمائی اور سہولیات میسر آئیں گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید سائن ایج حادثات کے امکانات کم کرنے میں معاون ثابت ہو گی اور ٹریفک قوانین پر عملدرآمد کے ساتھ ساتھ روڈ سیفٹی کو بھی فروغ دے گی، صوبائی وزیر نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ سڑکوں پر نصب ٹریفک سائنز پر عمل کریں اور ٹریفک قوانین کی پابندی کو یقینی بنائیں۔ ملک صہیب احمد بھرتھ کا کہنا تھا کہ سائن ایج کے نظام میں بہتری محفوظ، منظم اور خوبصورت پنجاب کی جانب ایک اہم قدم ہے۔